ڈیرہ غازی خان (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے ڈی جی خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکز اور پنجاب میں نون لیگ کی حکومتیں ہیں پھر نواز شریف کس کے خلاف تحریک عدل چلائیں گے؟ انہوں نے سابق وزیر اعظم کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ کرتے بھی خود ہیں اور روتے بھی خود ہیں، آپ کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ توبہ کر لیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کا 65 فیصد بجٹ لاہور پر خرچ ہو رہا ہے، ایسی صورتحال میں ڈیرہ غازی خان کیسے ترقی کر سکتا ہے؟ علاج کی سہولتیں نہ ہونے کی ذمہ دار موجودہ قیادت ہے، حکمرانوں نے اپنے بین الاقوامی اکاؤنٹس اور پراپرٹی میں اضافہ کیا لیکن اب ظالموں سے انتقام لینے کا وقت آ گیا ہے، میری لڑائی ظالم جاگیر دار اور سرمایہ دار کے ساتھ ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بڑوں کے کتے مکھن اور غریب کا بچہ کوڑے کے ڈھیر سے رزق تلاش کرتا ہے، میں ایسے نظام کا باغی ہوں، کرپٹ حکمرانوں کو جیل کا راستہ دکھانا چاہئے، اللہ نے ملک کو ہر وسیلے سے نوازا ہے، ملک کو اچھی قیادت مل جائے تو چائنہ اور جاپان سے آگے جا سکتے ہیں۔ سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ جب قیادت امریکہ کے یاروں کے ہاتھ میں تھی تو ڈھاکہ الگ ہو گیا تھا، پاکستان کے جغرافیہ اور نظریہ کو کرپٹ قیادت سے خطرہ ہے۔