لاہور (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ ریاست، جمہوریت اور حکومت کے خلاف سازش تیار ہو رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خان کا ساتھ بیٹھنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاست، جمہوریت اور حکومت کے خلاف سازش تیار ہو رہی ہے، عمران خان کی پہچان ایک سازشی مہرے کی ہے اور ان سازشی مہروں کے پاس کوئی عوامی ایجنڈا نہیں، ایسے مہروں کو صرف سازش کے تحت انتشار کے لیے اکٹھا کیا جاتاہے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی اس سے بڑی ناکامی کیا ہو گی کہ ان کی پہچان ایک سیاسی اور جمہوری رہنما کی بجائے ایک سازشی مہرے کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے طاہر القادری سے ملاقات کر کے سانحہ ماڈل ٹاون کے معاملے پر مشترکہ جدوجہد کرنے کا اعلان کیا تھا جب کہ عمران خان کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاون قتلِ عام پر طاہر القادری جو بھی فیصلہ کریں گے وہ ان کے ساتھ ہوں گے۔