آصف زرداری کی طاہر القادری سے ملاقات، سانحہ ماڈل ٹاؤن پر موقف کی تائید

Asif Zardari - Tahir-ul-Qadri Meeting

Asif Zardari – Tahir-ul-Qadri Meeting

لاہور (جیوڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے طاہر القادری کو ساتھ دینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ غریبوں کا لہو آج نہیں تو کل ضرور رنگ لائے گا۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے آج پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کی جس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن سمیت ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا۔

آصف زرداری نے سانحہ ماڈل ٹاون پر ان کے موقف کی تائید کی جبکہ اے پی سی کی دعوت دینے پر طاہر القادری کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں معصوم لوگوں پر گولیاں برسائیں گئیں اور سینکڑوں کو زخمی کر دیا گیا۔ لاہور جیسے شہر میں کئی گھنٹے تک فائرنگ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ظلم کے خلاف آواز اٹھائی، ہم سانحہ ماڈل ٹاؤن پر انصاف کیلئے طاہر القادری کے ساتھ ہیں۔

سابق صدر نے مطالبہ کیا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر قانون رانا ثنا اللہ کو استعفیٰ دے کر خود کو قانون کے سامنے پیش کرنا پڑے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ غریبوں کا لہو آج نہیں تو کل ضرور رنگ لائے گا۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے اس موقع پر کہا کہ آصف زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بعد پیپلز پارٹی ہمارے ساتھ کھڑی رہی۔

انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں اے پی سی کا ایجنڈا زیر غور آیا۔ پیپلز پارٹی اور عوامی تحریک کے درمیان تمام نکات پر اتفاق پایا گیا ہے۔ آل پارٹیز کانفرنس کل دوپہر 12بج کر 45 منٹ پر شروع ہو گی۔