اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ شریف برادران قوم سے لوٹی دولت بچانے کیلئے غیرملکی رہنماؤں سے مدد لیتے ہیں، ان کی لالچ قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان آخر کب تک شریفوں کی لالچ کے باعث مسلط کردہ بے عزتی کو برداشت کرتا رہے گا۔
دریں اثناء، چیئرمین تحریک انصاف نے پارٹی کی میڈیا سٹریٹجی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں ملک کی سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر غور ہو گا اور جاری سیاسی معاملات کے تناظر میں پارٹی کی میڈٰیا پالیسی کا جائزہ لیا جائے گا۔
دریں اثناء، ذرائع کے مطابق، سعودی سفیر نے عمران خان کی جانب سے نواز شریف کے دورہ سعودی عرب کو کسی مبینہ ڈیل کے سلسلے کی کڑی قرار دینے پر ان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور واضح کیا کہ سعودی عرب پاکستان کے داخلی امور میں کسی قسم کی مداخلت کا ارادہ نہیں رکھتا۔