گجرات (پریس ریلیز) تحریک لبیک یارسول اللہ کے قائدین علامہ خادم حسین رضوی، پیر محمد افضل قادری و دیگر علماء ومشائخ مؤرخہ 2 جنوری بروز منگل تین بجے دن جامعہ ضیاء العلوم عطا الحبیب بالمقابل الشفاء آئی ہسپتال جی ٹی روڈ راولپنڈی میں پریس کانفرنس اور اہم اعلانات کرینگے۔ جبکہ قائدین تحریک لبیک یارسول اللہ نے لاہور، نوشہرہ ورکاں، حافظ آباد، میرپور، چکوال، گجرات، دینہ میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دین حقوق اللہ اور حقوق العباد کا نام ہے، دین کے تحفظ اور اسے تخت پر لانے کیلئے فرزندان اسلام بھرپور کردار ادا کریں۔
تحریک لبیک یارسول اللہ والے مکین گنبد خضریٰ ۖکے حضور بِک چکے ہیں اب ان کا سودا کہیں اور نہیں ہوسکتا۔ علامہ خادم حسین رضوی اور پیر محمد افضل قادری نے مزید کہا کہ ختم نبوت، ناموس رسالتۖ اور دفاع وطن کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ پاکستان میں آقا کریمۖ کے غلام اور غوث پاک کے ماننے والے بستے ہیں، وہ ملک کو لادین ریاست نہیں بننے دینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غوث پاک شیخ عبد القادر جیلانی رحمة اللہ علیہ نے ایک لاکھ سے زائد علما اور ان گنت صوفیاء تیار فرمائے۔ وہ تعلیم اور ضرورت مندوں کی امداد پر زیادہ توجہ دیتے تھے۔
احیائے اسلام اور بے مثل دینی خدمات کی وجہ سے وہ محی الدین کہلائے۔ ان کا فیضان، تعلیمات اور مشن صبح قیامت تک جاری رہے گا۔ دوسری طرف پیر صاحب امام بری سرکار سمیت کثیر مشائخ نے تحریک لبیک یارسول اللہ کی حمایت کا اعلان کردیا ہے جبکہ خطیب پاکستان پیر سید شبیر حسین شاہ حافظ آبادی مرحوم کے صاحبزادہ بیرسٹر سید وسیم الحسن نقوی نے اپنی جماعت صفة الاسلام سمیت تحریک لبیک یارسول اللہ میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔