لاہور (جیوڈیسک) ڈونلڈ ٹرمپ کے متنازعہ ٹویٹ نے تمام سیاسی مخالفین سمیت پوری قوم کو ہم خیال اور یک زبان کر دیا۔ سیاسی قیادت امریکی صدر کے خلاف ایک پیج پر آ گئی۔ عمران خان کہتے ہیں ٹرمپ عقل سے عاری انسان ہیں۔
بلاول بھٹو بھی امریکی صدر پر برس پڑے اور مشورہ دیا کہ پاکستان کو انتہاء پسندی کے خاتمے کے لئے ڈونلڈ ٹرمپ کی ڈکٹیشن کی ضرورت نہیں، امریکہ کو خطے میں اپنی نا کامیوں پر پاکستان کو قربانی کا بکرا نہیں بنانے دیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے امریکی صدر کے بیان کو انتہائی غیرذمہ دارانہ قرار دیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ٹرمپ نے پاکستان اور پاکستانی عوام پر انتہائی سنگین الزامات عائد کئے، پوری قوم کو متحد ہو کر اپنا ردعمل ظاہر کرنا چاہئے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا، کہتے ہیں امریکی صدر نے چھوٹا پن دکھایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کسی ایک پارٹی کا نہیں، پاکستان کا معاملہ ہے، سب کو یک زبان ہونا پڑے گا، پاکستان کو امریکہ کے ساتھ تعلقات پر نظرثانی کرنی چاہئے۔
پی ٹی آئی نے ٹرمپ کی دھمکی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرا دی ہے۔