راولپنڈی (جیوڈیسک) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر کے بیان پر قومی ردعمل خوش آئند ہے، پاکستان اور پاک فوج نے پیسوں کیلئے جنگ نہیں لڑی۔
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ افغانستان میں 1 کھرب ڈالر خرچ کرنے کا نتیجہ سب کو معلوم ہے، امریکہ نے افغانستان میں جتنا خرچ کیا، اس کا ایک فیصد پاکستان میں لگا، ایک وقت تھا کہ ہمارے پاس چوائس تھی کہ روس کے پاس جائیں لیکن ہم نے ایسا نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ ایک دوسرے کے اتحادی ہیں، اتحادیوں کے ساتھ جنگ نہیں ہو سکتی، ہم چاہتے ہیں کہ امریکہ افغانستان میں کامیاب ہو، افغانستان میں امن سے سب کو فائدہ ہو گا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا کہ آج بھی ہماری 2 لاکھ سے زائد فوج سرحد پر موجود ہے، پاکستان اور امریکہ اب بھی دوست ہیں اور پاکستان اور امریکہ کو مل کر آگے بڑھنا ہے تاہم، پاکستان اپنے وقار پر سمجھوتا نہیں کرے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ ہم کامیابی کی طرف بڑھ رہے تھے تو کلبھوشن کا معاملہ آ گیا، بھارت نہیں چاہتا کہ پاکستان ترقی کی جانب بڑھے، بھارت نہیں چاہتا کہ پاکستان کو دہشتگردی کیخلاف کامیابیاں ملیں، دہشتگردی کیخلاف جنگ اپنے ملک کیلئے لڑی۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ حکومت اور عوام کی حمایت سے لڑی، خطے کی سکیورٹی کیلئے ہمیں کوئی ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا، پاک امریکہ تعلقات میں بھارت بہت بڑی رکاوٹ ہے۔
میجر جرل آصف غفور نے مزید کہا کہ الیکشن کی وجہ سے بیانات دیئے جا رہے ہیں، سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کیخلاف بیانات دیتی ہیں، ہم کوئی بیان نہیں دینا چاہتے۔