اسلام آباد (جیوڈیسک) شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز میں گواہ سدرہ منصور نے مہران رمضان ٹیکسٹائل ملز میں حسین نواز کے شیئرز کی تفصیلات عدالت میں پیش کر دیں۔عدالت نے سماعت 16 جنوری تک ملتوی کر دی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نیب ریفرنسز کی سماعت کر رہے ہیں۔ ایس ای سی پی کی افسر سدرہ منصور نے بیان قلمبند کروا دیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں بتایا کہ دستاویزات کے مطابق حسین نواز 4 لاکھ 98 ہزار 400 شیئرز کے مالک تھے، مہران رمضان ٹیکسٹائل ملز کے ایک شیئر کی قیمت 10 روپے تھی، ریکارڈ کے مطابق شیئرز گفٹ، عطیہ کیے گئے۔
گواہ سدرہ منصور نے مزید بتایا کہ 12 فروری 2001 کو شریف ٹرسٹ کی طرف سے ایک ہزار حصص حسین نواز کو منتقل کیے گئے، 25 اگست 2017 کو نیب راولپنڈی میں پیش ہو کر تفتیشی افسر کو بیان ریکارڈ کرایا۔ وکیل خواجہ حارث کی جانب سے گواہ سدرہ منصور پر جرح جاری ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف، انکی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر احتساب عدالت پہنچے، وزیر مملکت مریم اورنگزیب، طلال چوہدری اور دیگر لیگی رہنما بھی ہمراہ ہیں۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے خلاف نیب ریفرنسز میں اب تک 14 گواہان کے بیانات قلمبند کئے جا چکے ہیں۔
فلیگ شپ ریفرنس کی 19، لندن فلیٹس کی 18 اور العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کی 22 سماعتیں مکمل ہو چکی ہیں۔ اس سے پہلے نواز شریف 11، مریم نواز 13 جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر 15 مرتبہ عدالت کے روبرو پیش ہو چکے ہیں۔