لاہور (جیوڈیسک) معصوم زینب کے کیس میں انصاف کا ہر تقاضا پورا کیا جائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب نے ملزم کی نشاندہی میں مدد فراہم کرنے والے کے لئے ایک کروڑ روپے نقد انعام کا اعلان کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں قصور میں پیش آنے والے افسوسناک واقعات کے بارے میں ابتدائی رپورٹس پیش کی گئیں۔
وزیراعلٰی نے زیادتی کے بعد بچی کو قتل کرنے والے ملزم کی جلد گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ درندہ صفت ملزم قانون کے آہنی ہاتھوں سے نہیں بچ پائے گا۔ شہباز شریف نے فائرنگ سے 2 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر بھی افسوس کا اظہارکیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کیس کا چالان 24 گھنٹے میں پیش کیا جائے۔
وزیراعلٰی نے پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 2 افراد کے لواحقین کے لئے مالی امداد کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے قصور کے علاقوں میں فوری طور پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی ہدایت کی۔