قصور (جیوڈیسک) آئی جی پنجاب نے زینب کے اہلخانہ کو قاتل کو جلد پکڑنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کئی مشتبہ افراد گرفتار کئے، ڈی این اے میچ کرنے کے بعد اعلان ہو گا۔
آئی جی پنجاب عارف نواز نے جنسی زیادتی کے بعد قتل کی گئی زینب کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور اس افسوسناک سانحے پر ان کے ساتھ تعزیت کی۔ انہوں نے زینب کے والدین کو ملزم کو جلد پکڑنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔
گھر والوں کے بیانات اور شواہد کی بنا پر جے آئی ٹی تحقیقات کر رہی ہے، اس معاملے میں ہم اپنے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں جبکہ وفاقی اور صوبائی ایجنسیاں بھی تعاون کر رہی ہیں، جس طرح ہم محنت کر رہے ہیں کیس جلد نمٹا لیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کئی مشتبہ افراد گرفتار کئے ہیں۔ ڈی این اے میچ کرے گا تو پھر اعلان کریں گے۔ ابھی تک کوئی ملزم نہیں پکڑا وقت نہیں دے سکتے ہیں لیکن جلد ملزم تک پہنچ جائیں گے۔
زینب کے والد محمد امین کا آئی جی عارف نواز سے ملاقات کے بعد گفتگو میں کہنا تھا کہ جے آئی ٹی نے ہم سے بیانات لئے ہیں اور علاقے کا دورہ کر رہی ہے۔ جے آئی ٹی نے کہا ہے کہ اگر کسی پر شک یا جھگڑا ہے تو بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزم تک جلد پہنچ جائیں گے۔
دوسری جانب پنجاب حکومت کی جے آئی ٹی کے سربراہ محمد ادریس زینب کے گھر پہنچے اور زینب کے والد، چچا اور گھر کے دیگر افراد سے ملاقات کی۔ خیال رہے کہ زینب کے والد محمد امین جے آئی ٹی کے پہلے سربراہ پر تحفظات کا اظہار کر چکے تھے۔ ان کے تحفظات کے بعد ہی جے آئی ٹی کے سربراہ کو تبدیل کیا گیا تھا۔