اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیرِ داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن مشکل حالات میں ہوں گے، کچھ پتہ نہیں آئندہ چند دنوں میں سیاسی صورتحال کیا سے کیا ہو جائے۔
راولپنڈی میں اپنے حلقے کے ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیرِ داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا کہ سرکاری محکمے اور اداروں میں چور بیٹھے ہیں، ایک کو نکالو تو اس سے بڑا چور آ جاتا ہے۔ آج اس حکومت میں سرکاری محکموں سے کام کروانا عذاب ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی وفاداری کی، نواز شریف کی تعریف نہیں کی، اصول کی خاطر طاقت ور ترین وزارتِ داخلہ چھوڑ دی۔ میاں صاحب نے مجھے آخر تک کہا کہ حلف اٹھا لو، موجودہ وزیرِ اعظم خود چل کر آئے اور عہدے کی پیش کش کی۔
چودھری نثار کا کہنا تھا کہ کئی سابق وزراء اور وزرائے اعظم کو کوئی منہ نہیں لگاتا۔ وہ منافقین سے ہاتھ نہیں ملاتے، آج ملک کی بد ترین حالت منافقین کی وجہ سے ہے۔