کراچی (جیوڈیسک) ایک ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 409 پوائنٹس کااضافہ ہوا، 100 انڈیکس 42 ہزار933 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
8 جنوری تک پچھلے 12 ٹریڈنگ سیشن میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 5 ہزار پوائنٹس کا اضافہ ہوا لیکن بلوچستان کے وزیر اعلیٰ کا مستعفی ہونا، دھرنے اور احتجاج کے باعث مارکیٹ ہچکولے کھانے لگی اور کاروباری ہفتے کے تین ٹریڈنگ سیسشن میں مارکیٹ کا انڈیکس لگ بھگ ہزار پوائنٹس گرا جبکہ اسی ہفتے ایک روز میں 800 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔
کاروباری ہفتے کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں 2 کروڑ 64 لاکھ ڈالر کی بیرونی سرمایا کاری ریکارڈ کی گئی۔ اس طرح ایک ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 100 انڈیکس 410 پوائنٹس کے اضافے سے 42 ہزار 933 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔