نئی دہلی (جیوڈیسک) چھ روزہ دورے کے دوسرے دن وزیراعظم نیتن یاہو نے بھارتی ہم منصب کیساتھ طویل مذاکرات کئے جس میں سائبر سکیورٹی تعاون سمیت کئی شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیاگیا۔ غیر ریاستی عناصر کی جانب سے امن و سلامتی کو لاحق خطرات پر دونوں رہنماؤں نے دہشت گرد تنظیموں ، انہیں اسپانسر اور محفوظ ٹھکانے فراہم کرنیوالوں کے خلاف سخت اقدامات کی حمایت کی۔
دونوں نے انسداد دہشت گردی کیلئے جامع تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ جبکہ نیتن یاہو نے دہشت گردی کے خلاف بھارت کو مکمل سکیورٹی تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اسلامی دہشتگردی کیخلاف بھارت سے سکیورٹی تعاون کرینگے۔
بعدازاں بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وجے گوکھلے نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کی دہشت گردی سے نمٹنے کی پالیسی میں گہری مماثلت پائی جاتی ہے ، دونوں ملک کسی بھی صورت کی دہشت گردی کو برداشت نہیں کریں گے۔
پاکستان کے ذکر پر انہوں نے کہا کہ ضروری نہیں کہ ہر مرتبہ ملکوں کا نام لیا جائے ۔بعدازاں جاری مشترکہ بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ بات چیت کا اگلا راؤنڈ اگلے ماہ اسرائیل میں ہو گا۔