لاہور (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے عمران خان کے پارلیمنٹ سے متعلق بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی ناکامی کو پارلیمنٹ کی ناکامی قرار نہیں دیا جاسکتا۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے متحدہ اپوزیشن کے احتجاج میں عمران خان کے پارلیمنٹ سے متعلق بیان پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی پی ٹی آئی سربراہ کے ریمارکس کو مسترد کرتی ہے، پارلیمنٹ سے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کر کے عمران خان نے نواز شریف کے موقف کی تائید کی اس لیے اب عمران خان اور نوازشریف میں کوئی فرق نہیں رہا۔
اپوزیش لیڈر نے کہا کہ حکومت کی ناکامی کو پارلیمنٹ کی ناکامی قرار نہیں دیا جاسکتا پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پارلیمان کی عزت اور مضبوطی کی کوشش کی اور آئندہ بھی کرے گی۔
واضح رہے کہ عمران خان نے متحدہ اپوزیشن کے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسی پارلیمنٹ پر لعنت بھیجتا ہوں جو مجرم کو پارٹی کا سربراہ بنا دے۔