برسلز (پ۔ر) کشمیر کونسل یورپ (ای یو) کے زیر اہتمام 26 جنوری بروز جمعہ بھارت کے یوم جمہوریہ (یوم سیاہ) کے موقع پر برسلز میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے پر امن احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ مظاہرہ سہ پہر تین بجے شروع ہو گا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسید نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ یہ مظاہرہ بھارت کی کشمیر میں جاری بربریت اور ظلم و ستم کے خلاف ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت کشمیریوں پر مظالم بندکرے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت کے لئے اپنے وعددوں پر عمل کرے۔
علی رضا سید نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیاکہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکاجائے اور کشمیریوں کا ان کاحق دلوایا جائے۔
یادرہے کہ بھارتی یوم جمہوریہ کو کشمیری ہرسال یوم سیاہ کے طورپرمناتے ہیں۔علی رضاسید نے کہاکہ کشمیریوں کوان کے حقوق ملنے چاہیں۔ ان پرناانصافیاں ختم ہونی چاہیں تاکہ کشمیری پرسکون اور خوشحال زندگی بسر کرسکیں۔ کشمیرمیں امن ہوگاتوپورے خطے میں خوشحالی آئے گی۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے مزید کہا کہ کشمیری قوم اپنے حق خودارادیت سے کبھی بھی دستبردارنہیں ہوگی۔ بھارت کشمیریوں کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث ہے۔
انھوں نے کہاکہ سارا جنوبی ایشیاء اور پوری عالمی برادری یہ جانتی ہے کہ انسانی حقوق کشمیریوں کا ایک خواب ہے اور کشمیرقوم اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ انھوں نے سوال کیا کہ بھارت دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہونے کا کیسا دعویدار ہے جو کشمیریوں کے جمہوری حقوق کو کافی عرصے سے دبائے ہوئے ہے؟
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے یورپ میں مقیم کشمیریوں، پاکستانیوں او ردنیا کے مظلوموں سے ہمدردی رکھنے والے تمام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں۔