لاہور (جیوڈیسک) بڑے بھائی کسے وزیر اعظم کا امیدوار نامزد کریں گے؟ شہباز شریف بے خبر، کہتے ہیں پارٹی نے وزیر اعظم بنایا تو تمام منصوبوں کی خود نگرانی کروں گا، عوام نے منتخب کیا تو کراچی، پشاور اور بلوچستان کو لاہور جیسا بنا دیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مال روڈ پر ملک بھر کے سیاسی مسخروں کا شو ہوا، ناٹک میں وہ لوگ بھی آئے جنہوں نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا، عمران خان نے آج تک میرے نوٹس کا جواب نہیں دیا، خان صاحب عدالت میں ہر بار نئی تاریخ لے لیتے ہیں، 2013ء کے الیکشن میں بھی عمران خان نے الزامات لگائے تھے جبکہ خیبر پختونخوا میں عمران خان نے ایک میگاواٹ بجلی پیدا نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ڈینگی کے خاتمے کیلئے دن رات کام کیا، پشاور میں ڈینگی پھیلنے پر ڈاکٹرز اور ادویات بھجوائیں، آج باب پاکستان کی حالت زار پر رونا آتا ہے، باب پاکستان کا منصوبہ جلد مکمل ہو گا، ہمیں حکومت ملی تو ملک کرپشن کا قبرستان بن چکا تھا، چند دن پہلے مال روڈ پر ناٹک رچایا گیا، عمران خان پشاور میں ڈینگی پھیلنے پر پہاڑوں پر چڑھ گئے تھے لین ہم حکومت ملی تو کراچی، پشاور اور بلوچستان کو لاہور جیسا بنانے کیلئے محنت کریں گے۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں فنڈز لگائے، قرضے نہیں مانگے، عمران خان جھوٹ بولنے سے فارغ ہوں تو کوئی کام کریں، مال روڈ پر عمران خان نے گالیاں دیں، ہمیں حکومت ملی تو سندھ سمیت تمام صوبوں کو پنجاب کی طرح بنائیں گے، نون لیگ دوبارہ آئی تو سوئس بینکوں سے پیسہ لائیں گے، زرداری کے سوئس بینک میں پڑے پیسے ہم واپس لائیں گے، نیب تو زرداری کے پیسے واپس نہیں لا سکا لیکن ہم ایسا ضرور کریں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ پشاور کے لوگوں نے موقع دیا تو ایک سال میں میٹرو مکمل کریں گے، پاکستان میں شفاف طریقے سے کبھی بجلی کے منصوبے نہیں لگے، نیب نے مجھے کل طلب کیا ہے، ابھی نیب میں پیش ہونے کا فیصلہ نہیں کیا، کل بتاؤں گا، مجھ پر دھیلے کی کرپشن ثابت ہوئی تو گھر چلا جاؤں گا، جو بات کروں گا ثبوت لے ساتھ کروں گا، ہمارے دور میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہوئی۔