نظام آباد : شعبہ اردو تلنگانہ یونیورسٹی نظام آباد کے زیر اہتمام ایک روزہ بین الاقوامی اردو سمینار بعنوان.. عصر حاضر میں اردو تحقیق وسائل و مسائل کے عنوان سے سمینار ہال کمپیوٹر و سائنس بلڈنگ تلنگانہ یونیورسٹی میں منعقد ہوا. سمینار کے مہمان خصوصی پروفیسر پی سامبیا وائس چانسلر تلنگانہ یونیورسٹی تھے. شعبہ اردو کے ویٹنگ پروفیسر و نامور محقق و نقاد ڈاکٹر سید تقی عابدی کناڈا نے کلیدی خطبہ دیا. ڈاکٹر فاضل حسین پرویز مدیر گواہ حیدرآباد مہمان خصوصی تھے. ڈاکٹر اطہر سلطانہ صدر شعبہ اردو تلنگانہ یونیورسٹی نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے خطبہ استقبالیہ دیا اور ڈاکٹر تقی عابدی صاحب شکریہ ادا کیا کہ پیشہ طب سے وابستہ ہونے کے باوجود وہ اردو ادب سے گہری وابستگی رکھتے ہیں اور شعبہ اردو تلنگانہ یونیورسٹی کے لئے اعزاز ہے کہ ڈاکٹر سید تقی عابدی شعبہ کے وزیٹنگ پروفیسر ہیں.
ڈاکٹر اطہر سلطانہ نے کہا کہ شعبہ اردو کے فروغ اردو پروگراموں میں اردو کے اساتذہ طلباء کی کثیر تعداد میں شرکت کے علاوہ ضلع نظام آباد کی اردو صحافت نے شعبے کی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے میں کلیدی رول انجام دیا ہے جس کا شعبہ اردو کی جانب سے شکریہ ادا کیا جاتا ہے۔ ڈاکٹر سید فاضل حسین پرویز نے سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحقیق ایک ذمہ داری کا کام ہے بلا تحقیق کسی بات کو قبول نہیں کرنی چاہئے انہوں نے اردو محققین کو مشورہ دیا کہ وہ تحقیق کی گہراء میں جائیں.
ڈاکٹر سید تقی عابدی نے اپنے کلیدی خطبہ میں کہا کہ تحقیق سچائی کا نام ہے اور یہ کام ابتدائے آفرینش سے جاری ہے اگر تحقیق نہ ہو تو زندگی کو بہت سے نقصانات سے دوچار ہونا پڑے گا اردو تحقیق کی شاندار روایات ہیں ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوان محققین اردو تحقیق کے کاروان کو آگے بڑھانے کے لئے سامنے آئیں انہوں نے محقق کے اوصاف بیان کئے کہ اسے تحقیق سے دلچسپی ہو اور چھان پھٹک کے بعد حقائق کو قبول کرے انہوں نے نوجوان محققین کو مفید مشورے دئیے.
اس سمینار میں ملک کے مختلف حصوں سے آئے مقالہ نگار ڈاکٹر شجاعت علی راشد. ڈاکٹر گل رعنا ڈاکٹر علیم الدین ڈاکٹر موسی اقبال ڈاکٹر محمد عبدالقوی ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی ڈاکٹر محمد انور الدین ڈاکٹر محمد ابرارالباقی ڈاکٹر جعفر جری ڈاکٹر محمد ناظم علی محمد عبدالرحمن اور دیگر نے تحقیق کے فن اور وسائل اور مسائل پر مقالہ جات پیش کئے. شعبہ اردو کی جانب سے مہمانوں اور مقالہ نگاروں کو تہنیت پیش کی گئی. شعبہ اردو سے فارغ طلبائ کو مختلف کالجوں میں ملازمت ملنے پر انہیں تہنیت پیش کی گئی. ڈاکٹر محمد عبدالقوی اور ڈاکٹر گل رعنا نے ادبی اجلاسوں کی نظامت کے فرائض انجام دے. جب کہ ڈاکٹر موسی اقبال نے افتتاحی اجلاس کی نظامت کی اور سمینار کے اختتام پر شکریہ ادا کیا۔