لاہور (جیوڈیسک) زینب قتل کیس کے مرکزی ملزم عمران زینب سمیت دیگر معصوم کلیوں سے زیادتی اور قتل کا اعتراف کر لیا۔ پولیس کو اعترافی ویڈیو بیان میں ملزم عمران کا کہنا ہے زینب کو والدین سے ملوانے کا کہہ کر گھر سے لے کر گیا، زینب بار بار پوچھتی رہی ہم کہاں جا رہے ہیں، جواب میں راستہ بھولنے کا بہانہ بنا دیا۔
ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ وہ بچیوں کو نیاز کے چاول، ٹافیاں اور بالوں میں لگانے والے کلپ دلوانے کے بہانےساتھ لے جاتا۔ عمران نے چلڈرن اسپتال میں داخل کائنات کو دہی دلوانے کے بدلے اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنانے کا بھی اعتراف کر لیا۔
جے آئی ٹی ذرائع کے مطابق ملزم عمران نے زینب کو پونے 7 بجے اغوا کیا اور پکڑے جانے کے خوف سے کوڑے کے ڈھیر پر لے گیا۔ گرفتاری کے بعد ملزم عمران کو سخت سکیورٹی حصار میں لاہور کی انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ملزم کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔