نئی دلی (جیوڈیسک) بھارتی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان ہماری نرمی اور شرافت کا غلط مطلب نہ لے جب کہ بھارت اب کمزور نہیں رہا بلکہ ایک طاقت ور ملک بن چکا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے پاکستان پر لائن آف کنٹرول پر فائربندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج مسلسل ایل اوسی پر شہری آبادی کو نشانہ بنارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 4 روز قبل بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس اور پاک رینجرز کے درمیان فلیگ میٹنگ میں یہ طے پایا تھا کہ ایل او سی پر کوئی اشتعال انگیزی یا جارحیت نہیں کی جائے گی تاہم یقین دہانی کے باوجود پاکستان نے فائربندی معاہدے کی خلاف ورزی کی اور مسلسل کررہا ہے۔
بھارتی وزیرداخلہ نے کہا کہ ہماری خاموشی اور نرمی کی پالیسی کو کمزوری تصور نہ کیا جائے ،ہماری شرافت کا ناجائزہ فائدہ نہ اٹھایا جائے ،اب ہم کوئی کمزور نہیں بلکہ ایک طاقت ور ملک ہیں ،ہم سب کے ساتھ دوستانہ مراسم خصوصاً پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنے کے خواہاں ہیں جب کہ پاکستان کو پڑوسی ہونے کے ناطے بھارت سے دوستانہ رویہ اپنانا چاہیے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں حالات اب ٹھیک ہیں جیسے ماضی میں تھے۔