لاہور (جیوڈیسک) عمران خان کی سینیٹ الیکشن پر مشاورت کیلئے لاہورآمد کے موقعے پرنیب میں پیش ہونے کے سوال پرکپتان برہم ہوگئے اور کہا کہ وہ بہت خطرناک اور برے ہیں۔
گزشتہ روز چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے عمران خان کے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کا نوٹس لیا اورڈی جی نیب خیبرپختونخوا کو انکوائری کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی تھی۔
ترجمان نیب کے مطابق، عمران خان نے 2 حکومتی ہیلی کاپٹر استعمال کیے، ہیلی کاپٹر غیر سرکاری دوروں کیلئے استعمال کیے گئے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوانے مبینہ طور پر اختیارات کا نا جائز استعمال کیا۔ رپورٹ کے مطابق عمران خان نے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر پر 22 گھنٹے جبکہ ایکیوریل ہیلی کاپٹر پر 52 گھنٹے پرواز کی۔
ترجمان نیب کے مطابق اوسطاً فی گھنٹہ 28 ہزار کے حساب سے 21 لاکھ 7 ہزار 181 روپے خرچ ہوئے، رپورٹ کے مطابق نجی ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کا کرایہ 10 سے 12 لاکھ روپے فی گھنٹہ ہے جبکہ نجی ایکیوریل ہیلی کاپٹرز کا فی گھنٹہ خرچ 5 سے 6 لاکھ روپے ہے۔