لاہور (جیوڈیسک) ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر جوش جذبے سے منایا جا رہا ہے، شہر شہر تقریبات اور ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے، مظفر آباد اور میرپور میں انسانی ہاتھوں کی رنجیر بنائی گئی۔ سکول کے بچوں نے نعروں کے ذریعے دشمن کو منہ توڑ پیغام دیا۔ لے کر رہیں گے آزادی، کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگاتے بچوں نے دشمن کو واضح پیغام دیدیا۔
کشمیر ڈے پر شہر شہر ریلیاں اور تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر پر کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی۔ لوگوں نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ شہدا کی یاد میں سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ تقریب میں آزاد کشمیر سمیت دیگر شہروں کی عوام نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سکول کے بچوں نے بھی ریلی نکال کر مقبوضہ وادی کے مظلوم عوام کیلئے آواز بلند کی، نعرے بھی لگائے۔
میرپور میں بھی منگلہ پل پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی، ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ راولا کوٹ میں بھی یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو شہریوں نے یادداشت پیش کی۔ مختلف علاقوں میں ریلیاں نکال کر عالمی برداری سے یہ اپیل کی گئی کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام کو ان کا حق دیا جائے۔