اسلام آباد (جیوڈیسک) شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت 2 بجے تک ملتوی ہو گئی۔ شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت دن 2 بجے تک ملتوی کر دی گئی، سماعت کے لیے نواز شریف آج سولہویں بار احتساب عدالت پہنچے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی بیٹی مریم صفدر اورداماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف آج نیب ریفرنسز کی سماعت دن2 بجے تک ملتوی کردی گئی۔ سماعت کے لیے نواز شریف آج سولہویں بار احتساب عدالت پہنچے۔ اس موقعے پر احتساب عدالت کے باہر سیکیورٹی سخت کر دی گئی جب کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی۔
سابق وزیراعظم اور ان کے بچوں کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز، فلیگ شپ انوسٹمنٹ اور ایون فیلڈپراپرٹیز سے متعلق تین مقدمات درج ہیں۔ تینوں ریفرنسز میں مجموعی طور پر 39 میں سے 24 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جاچکے ہیں۔ آج ہونے والی سماعت میں دو غیر ملکی گواہوں کا بیان ویڈیو لنک پر لینے کی تاریخ بھی مقرر کی جائے گی۔
اس موقعے پر احتساب عدالت کے باہر ڈیلی ویجز ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھار کھے تھے۔ مظاہرے میں خواتین بھی شامل تھیں۔ مظاہرین نے مریم نواز اور وزیر کیڈ کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے ہوئے کہا مریم نواز ہمیں ہمارا حق دو۔