اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران خان نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف بیرون ملک سے اربوں ڈالر واپس لے آئیں تو دونوں کی توبہ قبول کر لیں گے، چودھری نثار کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت اور آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے پر حمایت کا عندیہ بھی دیدیا۔
عمران خان نے میڈیا سے غیررسمی گفتگو میں کہا کہ پیپلز پارٹی اور نون لیگ چیئرمین سینیٹ کی نشست حاصل کرنے کیلئے پیسے لگا رہے ہیں، دونوں بیرون ملک پڑے اپنے اربوں ڈالر واپس لے آئیں تو ان کی توبہ قبول ہے، لگ رہا ہے کہ عام انتخابات بھی وقت پر ہوں گے، نگران حکومت آتے ہی بہت سارے لوگ ن لیگ کو چھوڑ دیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ ایک شخص نے انہیں سینیٹ کے ٹکٹ کیلئے 40 کروڑ روپے آفر کئے، چودھری نثار تحریک انصاف میں آ جائیں تو اچھا ہے، وہ آزاد الیکشن لڑیں تو ہو سکتا ہے ان کی حمایت کریں، خواجہ آصف قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں، ججز ان کا کیس روزانہ کی بنیاد پر سنیں۔ عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں خبریں آئی بی لیک کرتی ہے۔