اسلام آباد (جیوڈیسک) نواز شریف کا کہنا ہے کہ جاننا چاہتا ہوں اور کتنے سال عدالت آتے رہیں گے؟ ریفرنس میں کوئی سچائی ہوتی تو کیا ضمنی ریفرنس کی ضرورت ہوتی؟۔ انہوں نے کہا میرا مقدمہ پاکستان کے عوام لڑ رہے ہیں، لودھراں الیکشن اسی کا ردعمل ہے۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کل کا الیکشن جھوٹے مقدمات کا جواب ہے، یہ جو سب کچھ ہو رہا ہے عوام اس کا جواب دے رہے ہیں، عوام کو سلام جو تندہی سے میرا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ سابق وزیرا عظم کا کہنا تھا جب الزام ہی نہیں تو سزا کیوں ہوگی؟ احتساب کے نام پر انتقام لیا جا رہا ہے، جنہوں نے ریفرنس بنا کر بھیجے وہ چاہتے ہیں نواز شریف کوسزا ہو۔
نواز شریف نے کہا آج سارا زور ہم پر ہی ہے اور سب سے بڑے مجرم ہم بنے ہوئے ہیں، ڈرتا نہیں، انتقام کا سامنا کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا مارشل لا لگانے اور ججز کو گرفتار کرانے والوں پر ہاتھ کیوں نہیں پڑتا؟۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا پاکستان کی معیشت کو عروج پر پہنچایا، ملک سے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔