فلوریڈا (جیوڈیسک) امریکا کی ریاست فلوریڈا کے شہر پارک لینڈ میں ایک ہائی سکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک ہوگئے، پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق، ریاست فلوریڈا کے شہر پارک لینڈ میں 19 سالہ طالبعلم نے اسکول میں فائرنگ کر کے 17 افراد کو ہلاک کر دیا، پولیس نے مبینہ قاتل کو گرفتار کر لیا، اسکی شناخت 19 سالہ نکولوس کروز کے نام سے ہوئی ہے جسے اسکول سے نکالا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے فائرنگ کرنے سے پہلے فائر الام بجایا جس سے افراتفری پھیل گئی، اسکے پاس ایک رائفل اور لاتعداد میگزینز تھے، اس نے اسکول کے باہر فائرنگ شروع کی اور تین افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اس کے بعد وہ عمارت میں داخل ہوا اور 12 افراد کو ہلاک کیا جبکہ دو افراد اسپتال میں دم توڑ گئے۔
گزشتہ پانچ برس میں امریکا میں 291 ایسے واقعات پیش آچکے ہیں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹر پر مرنے والوں کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔