راولپنڈی : الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت دوروزہ تربیتی ورکشاپ برائے ذمہ داران ’’مراکز تحفظ اطفال‘‘ اختتام پذیر ہوئی گی۔ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدرمحمد عبدالشکور نے تربیتی ورکشاپ کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا ا ور امید ظاہر کی کہ الخدمت کے شعبہ ’’مراکز تحفظ اطفال ‘‘ کے ذمہ داران پوری دلجمعی کیساتھ سٹریٹ چلڈرن کی بہتر تربیت اور شاندار مستقبل کے لیے کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سٹریٹ چلڈرن ہمارے معاشرے کا حساس گوشہ ہیں اور اِن کی آبیاری ہم سب کا اخلاقی فرض ہے۔تقریب میں اتالیق کے ڈائریکٹر ٹرینر شہزاد قمر، سفیان احمد خان جی ایم پروگرامز ،رضوان بیگ ڈائریکٹر کوارڈی نیشن اینڈ ڈیویلپمنٹ ،علی ارسلان انچارج سی پی سی سمیت اساتذہ اور آفیشلز نے شرکت کی۔
اس موقع پر ورکشاپ کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے سفیان خان کا کہنا تھا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت کام کرنے والے 17چائلڈ پروٹیکشن سینٹر ز میں 850کے قریب بچوں کوصحت، رسمی و غیر رسمی تعلیم کی بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے مواقع بھی فراہم کئے جارہے ہیں جبکہ قریباََ150سٹریٹ چلڈرن ان سنٹرزسے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد سکولوں میں باقاعدہ طور پر داخل ہو چکے ہیں۔
علی ارسلان نے بتایا کہ ایک اندازے کے مطابق اس وقت پاکستان میں قریباََ 13 لاکھ سٹریٹ چلڈرن ہیں جو حکومتی عدم توجہ اورمعاشرتی رویوں کے باعث گھروں اور تعلیمی اداروں میں اپنا وقت گزارنے کی بجائے سٹرکوں پرمحنت مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔ ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء میں سرٹیفیکٹس تقسیم کیے گئے۔