گجرات (پریس ریلیز) حضرت حلیمہ سعدیہ کے مکان اور رسول اللہ سے منسوب دیگر مقامات کو منہدم کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ تحریک لبیک یارسول اللہ 23 فروری جمعة المبارک کو دنیا بھر میں یوم احتجاج منائیے گی۔ مقام ابراہیم کے پاس نہ صرف نماز پڑھنے کا حکم قرآن مجید میں ہے بلکہ صدیوں بعد آج بھی صحن کعبہ میں محفوظ ہے، لیکن رسول اللہ سے منسوب مقامات کو ضائع کیا جارہا ہے۔ مسلم حکمران اسلامی تاریخی ورثہ کو محفوظ بنانے کیلئے کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار تحریک لبیک یارسول اللہ کے بانی وسرپرست اعلیٰ پیر محمد افضل قادری نے سیالکوٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیر فداء الحق نقشبندی، صوفی محمد رفیق نقشبندی، صاحبزادہ عبد الحمید چشتی ودیگر موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ مقاصد پاکستان کی تکمیل، خوشحال پاکستان اور عوام کو انکے حقوق دلوانے کیلئے تحریک لبیک یارسول اللہ ملک بھر سے قومی و صوبائی سیٹوں پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہی اور ہوم ورک مکمل کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک لبیک یارسول اللہ اقتدار میں آکر عوام کی دنیا وآخرت سنوار دیگی اور پاکستان کو کامیاب پر امن فلاحی ریاست بنائیگی جس میں اسلام کا پرچم سربلند ہو گا۔ تحریک لبیک یارسول اللہ کے بانی وسرپرست اعلیٰ پیر محمد افضل قادری نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے غلامان رسول قانون ناموس رسالت کے تحفظ کیلئے متحد ہیں اور اسکے خلاف ہرگز کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔
انہوں نے منکرین ختم نبوت کو غیر مسلم اقلیت قرار دینے پر آزاد کشمیر اسمبلی کو خراج تحسین پیش کیا اور مطالبہ کیا کہ راجہ ظفر الحق رپورٹ فوری شائع کی جائے۔ ختم نبوت قانون کیخلاف سازش کرنیوالوں کو نشان عبرت بنایا جائے۔ اور دھرنا ختم نبوت فیض آباد کے سات شہداء جنہیں بغیر کسی جرم کے سیدھی فائرنگ کر کے شہید کیا گیا انکی ایف آئی آر درج کرکے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے اور معاہدہ کے مطابق انکوائری بورڈ کام شروع کرے۔