وزیرآباد (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر پنجاب حکومت 19 فروری سے 24 فروری تک صحت میلہ منا رہی ہے محکمہ صحت اس سلسلہ میں بھرپور تیاری کیساتھ میدان عمل میں ہے عوام کی سہولت کے پیش نظر دیگر شہروں کی طرح وزیر آباد کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں گزشتہ روز صحت میلہ کا آغاز ہوگیاممبر قومی اسمبلی جسٹس (ر) افتخار احمد چیمہ نے صحت میلہ کا افتتاح کیا۔ پہلے ہی روز سینکڑوں مریضوں نے رجسٹریشن کروائی اور صحت میلہ سے فائدہ اٹھایا۔میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے ایم این اے افتخار احمد چیمہ نے کہا کہ پنجاب حکومت صحت کے شعبہ میں نمایاں اقدامات اٹھارہی ہے شہریوں کو بلا تفریق صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ ایم ایس محمد اسلم کلیر نے بتایا کہ صحت میلہ میں پورا ہفتہ ہیپاٹائٹس بی سی، ایڈز، شوگر، بلڈپریشر، ٹی بی، پھیپھڑوں سمیت دیگر بیماریوں کے تمام ٹیسٹ ، کمپیوٹر چیک اپ مفت کیے جانے کے ساتھ ساتھ حاملہ خواتین کے طبی معائنہ اور الٹرا ساونڈ بھی کیے جارہے ہیں. جبکہ دیگر بیماریوں کے حفاظتی ٹیکہ جات بھی مفت لگائے جائیں گے. انہوں نے اے ٹی وی کے توسط سے عوام الناس سے اپیل کی کہ صحت میلے میں آئیں اور اس فری سہولت سے استفادہ کریں۔
وزیرآباد(نامہ نگار)ڈویلپمنٹ کے نام پر حکومت کو کروڑوں کا چونا،جی ٹی روڈ مولانا ظفر علی خان چوک تا سیالکوٹ روڈ لاڈو دی پلی گرین بیلٹ پر لگائے گئے کھجوروںکے پودے پراسرار طور پر آنکھوں سے اوجھل ہوگئے جبکہ میونسپل کمیٹی دفتر کی تزئین وآرائش پر کروڑوں خرچ کرنے کے باوجود دفتر کی آرائش نہ ہونے کے برابر ہے۔پرانی دیواریں، بغیر پلسترچھتیں دیواریں بھوت بنگلے کا منظر پیش کررہی ہیںجبکہ جاگنگ ٹریک کی نامکمل اور بے مقصد تعمیر میںبھی لاکھوں کے گھپلے ہیں۔گزشتہ ادوار میں ہونے والی اندھی لوٹ مار پر سماجی حلقے شدید اضطراب میں مبتلا ہیں۔شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، کمشنر گوجرانوالہ محمد آصف، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل احمد ٹیپو اور چیئرمین بلدیہ بابو شعیب ادریس سے نام نہاد ڈویلپمنٹ کے فنڈز ، خوبصورتی اور تزئین وآرائش کے نام پر خزانہ سرکار کو نقصان پہنچائے جانے کے معاملہ کی انکوائری اور ملوث افراد کے خلاف کاروائی سے خزانہ سرکار کے نقصان کو پورا کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیرآباد (نامہ نگار)پولیس سرکل وزیرآباد جرائم پیشہ افراد کے خلاف ان ایکشن ،اے ایس پی پولیس سرکل وزیرآباد دوست محمد نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کے فریضہ میں غفلت کو گناہ تصور کرتے ہیں اور ہم اپنے فرائض کی ادائیگی کیلئے ہمہ وقت چوکس ہیں، شہری پولیس کیساتھ تعاون کریں تو مثالی معاشرے کو پروان چڑھایا جاسکتا ہے ۔ چیئرمین پریس کلب دھونکل محمود احمد خان لودھی کی قیادت میں ملنے والے صحافتی وفدسے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اے ایس پی سرکل وزیرآباد نے بتایا کہ آر پی او گوجرانوالہ اشفاق احمد خان کی قیادت میں پولیس گوجرانوالہ نمایاں کامیابیاں حاصل کررہی ہے۔شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کا فریضہ نبھاتے ہوئے جرائم پیشہ افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں ، منشیات فروشوں کے خلاف تیزی سے کامیاب آپریشن جاری ہیں، چوری ڈکیتی کی وارداتوں پر نمایاں حد تک قابو پالیا گیا ہے۔کسی بھی طرح کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے مقامی سطح پرہی کوئیک رسپانس فورس تشکیل دی گئی ہے۔سرکل وزیرآباد کے تھانوں سے منشیات جیسے قبیح دھندے کو ختم کرنے کا تہیہ کررکھا ہے جس میں انشاء اللہ 100فیصد نتائج حاصل کرکے دم لیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ چند روز میں متعدد منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میںمنشیات برآمد کرکے ملزمان کو چالان کر کے جیل بھجوادیا ہے۔۔پتنگ بازی کے کھیل ۔۔۔پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کروایا جارہا ہے قانون شکن افراد کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات بھی درج کئے گئے ہیں، خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔دریں اثنائایس ایچ اومحمد عباس خان کھچی نے بتایا کہ پولیس نے روا ں ماہ تین اشتہاری مجرمان سمیت پانچ ریکارڈ یافتہ ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ منشیات فروش ملزمان ریاست علی، جاوید حسین،صابر محمود، محمد انور،شاہد محمود وغیرہ سے بھاری مقدار میں شراب برآمد کی گئی۔پتنگ بازی اور فروخت کا جرم کرنے والے متعدد افراد کے خلاف کاروائی کی گئی۔ ایس ایچ او تھانہ صدر ملک عامر اعوان نے بتایا کہ اے ایس پی دوست محمد کی ہدایات پر تھانہ صدر پولیس کی ٹیم نے ڈیڑھ ماہ میں8اشتہاری مجرمان کے علاوہ 16 ریکارڈ یافتہ ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جن سے ناجائز اسلحہ کی برآمدگی بھی ہوئی جبکہ منشیات کے خلاف جاری آپریشن میں بدنام زمانہ منشیات فروش عدنان عرف دانو کو پکڑ کر اس کے قبضہ سے ڈیڑھ کلو گرام سے زائد چرس اور دیگر ملزمان علی حسن، ندیم عنصروغیرہ سے مجموعی طور پر 45سو گرام چرس برآمد کی گئی ہے۔