لاہور قلندرز کی دوسری شکست، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پہلی فتح

PSL

PSL

دبئی (جیوڈیسک) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے دوسر ے میچ میں لاہور قلندرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر پی ایس ایل تھری کی پہلی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 14 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 120 رنز کا ہدف عبور کیا۔

120 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر ز کےبلے باز شین واٹسن اور اسد شفیق نے اننگز کا برق رفتار آغاز کیا۔ 92 کے مجموعی اسکور پر شین واٹسن 66 رنز بنا کر سنیل نرائن کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ لیکن اسد شفیق نے نئے آنے والے بلے باز عمر امین کے ہمراہ جارحانہ بلے بازی جاری رکھی اور 14 ویں اوور کی آخری گیند پر عمر امین نے چوکا لگا کر کوئٹہ گلیڈی ایٹر ز کو فتح سے ہمکنار کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن مک مکلم اور سنیل نرائن نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ 46 کے مجموعی اسکور پر سنیل نرائن 28 اسکور بنا کرراحت علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ ملتان سلطانز کے خلاف لمبی اننگز کھیلنے والے فخرزمان بھی 1 اسکور بنا کر جافرا آرچر کی گیند کا شکار بنے اور آسان کیچ دے کر آؤٹ ہوگئے۔ کپتان سرفراز نے چھٹے اوور میں سپن باؤلر محمد نواز کو اٹیک پر لایا۔ سرفراز کا یہ فیصلہ درست ثابت ہوا اور تیزی سے رنز اگلتا ہوا کپتان مک کلم کا بلا بھی خاموش ہوگیا اور وہ 30 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگے۔

لاہور قلندر کو چوتھا نقصان ڈیلپورٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 15 رنز بنا کرمحمد نواز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ چھٹے نمبر پر آنے والے عمر اکمل بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور ایک رن بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ بہترین آغاز کے باوجود لاہور قلندر کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار ہوگئی ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے لاہور قلندر ز کا مڈل آرڈر بے بس نظر آیا ۔ رضا حسن 4 اسکور بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ 15 اوور کے بعد لاہور قلندرز کا مجموعی اسکور 101 تھا جبکہ اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہو چکےتھے۔ آرچر نے گلریز صدف کو 13 رنز پر پویلین کی راہ دکھا دی جبکہ 105 کے مجموعی اسکور پر یاسر شاہ واٹسن کی گیند پر سرفراز کو کیچ دے کر آؤٹ ہوگے ۔ شاہین آفریدی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ 20 اوورز میں لاہور قلندر نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز بنائے ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو میچ جیتنے کے لیے120 رنز درکارتھے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں کپتان سرفراز، اسد شفیق، ریلے روسو، کیون پیٹرسن، عمر امین، شین واٹسن، محمد نواز، انور علی، حسن خان، راحت علی اور جافرا آرچر شامل تھے۔ جبکہ لاہور قلندر کی ٹیم میں کپتان برینڈن مک مکلم، فخرزمان، عمر اکمل، سہیل اختر، سنیل نرائن، عامر یامین، کیمرون دیلپورٹ، رضا شاہ، شاہین آفریدی، مستفیض الرحمان اور یاسر شاہ شامل تھے۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے سیزن میں یہ لاہور قلندرز کی دوسری ناکامی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پہلی فتح تھی۔