ممبئی (جیوڈیسک) سری دیوی کی موت کی خبر کے ساتھ ہی دنیا بھر میں ان کے فینز سکتے میں آ گئے۔ سری دیوی کی موت پہلے دن ایک معمولی موت لگ رہی تھی لیکن اب یہ ایک جرائم کیس میں بدلتا نظر آ رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سری دیوی کی موت باتھ ٹب میں ڈوبنے سے ہوئی ہے اور اب سری دیوی کو آخری مرتبہ آخری لمحے میں زندہ دیکھنے والے ان کے شوہر بونی کپور سے دبئی میں پوچھ کچھ ہو رہی ہے۔
ہوٹل اسٹاف کے مطابق سری دیوی دو دنوں سے اپنے کمرے سے باہر نہیں آئی تھیں۔ پھر بونی کپور کے ڈنر انوائٹ پر وہ نیچے چلنے کو راضی ہوئیں،تحقیقاتی ٹیموں کے مفروضے کے مطابق اس وقت انہوں نے شراب پی رکھی تھی کیونکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سری دیوی کے خون کے نمونے میں شراب کی مقدار پائی گئی ہے۔ ایسا مانا جا رہا ہے کہ وہ جب باتھ روم میں داخل ہوئیں تو وہ نشے کی حالت میں تھیں۔
بونی کپور نے دبئی پولیس کو بتایا کہ وہ سری دیوی کے باتھ روم میں جانے کے بعد باہر ان کا انتظار کرنے لگے لیکن 15 منٹ سے زیادہ گزر جانے پر انہوں نے سری دیوی کو آواز دی جس پر کوئی آواز آئی اور نہ ہی کسی طرح کا جواب نہیں آیا، یہ سری دیوی کے باتھ روم جانے کے 15 منٹ بعد ہی ہوا۔
بونی کپور نے ہوٹل اسٹاف کی مدد سے دروازہ تڑوایا اور اندر انہیں سری دیوی باتھ ٹب میں ملیں، یہ صاف نہیں ہے کہ اس وقت سری دیوی باتھ ٹب میں کس طرح پڑی تھیں۔ باتھ ٹب میں پانی پہلے سے ہی تھا یا انہوں نے بھرا تھا لیکن پولیس کے مطابق وہ نشے کی حالت میں تھیں اور توازن بگڑنے سے ٹب میں گری تھیں۔ ٹب میں گر کر وہ کیوں اٹھ نہیں سکیں یہ پولیس کیلئے بھی ایک مسٹری ہے۔
بونی کپور نے فورا ہوٹل اسٹاف کو بلایا اور حالات کے مد نظر پولیس کو بلایا گیا۔ پولیس کو اس معاملے میں بونی کپور پر شک ہے۔ دو دن سے سری دیوی کا نہیں نکلنا،ان کا باتھ ٹب میں ملنا، گرنے پر مدد کیلئے نہ چلانا، نشے میں ہونا، ایسے کئی سوال ہیں جن کا جواب ڈھونڈنے کیلئے پولیس اب کام کر رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ سری دیوی اپنے شوہر بونی کپور اور بیٹی خوشی کپور کے ساتھ اپنے بھتیجے کی شادی میں شرکت کیلئے دبئی گئی تھیں۔ شادی میں شرکت کے بعد بونی کپور اورخوشی کپور واپس ممبئی آگئے تھے جب کہ سری دیوی اپنی بہن سری لاتھا کے ساتھ کچھ وقت گزارنے کیلئے دبئی میں ہی موجود تھیں۔ سری دیوی دبئی کے ایمریٹس ٹاور ہوٹل میں قیام پزیر تھیں جہاں ان کی موت سے ایک دن قبل بونی کپور نے پہنچ کر اپنی اہلیہ کو سرپرائز دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بونی کپور تقریباً ساڑھے5 بجے شام ہوٹل پہنچے تھےاور انہوں نے سری دیوی کو رات کے کھانے کیلئے مدعو کیا تھا۔ دونوں کے درمیان تقریباً 15 منٹ تک بات چیت کا سلسلہ جاری رہا اس کے بعد سری دیوی واش روم گئیں۔
رپورٹ کے مطابق جب سری دیوی نے باتھ روم سے باہر آنے میں زیادہ وقت لیا تو بونی کپور نے دروازہ کھٹکھٹا کر انہیں باہر آنے کے لیے کہا، مگر اندر سے کوئی آواز نہ آئی، جس پر فلم پروڈیوسر نے کسی طرح باتھ روم کا دروازہ خود کھولا اور اہلیہ کو پانی سے بھرے باتھ ٹپ میں بے جان دیکھ کر حیران رہ گئے۔
رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ ایسی صورتحال میں بونی کپور نے مدد کے لیے اپنے ایک دوست کو بلایا اور بعد میں پولیس کو بھی اطلاع دی گئی۔
یاد رہے کہ سری دیوی اپنی موت سے کچھ لمحے قبل اپنے بھتیجے موہت مروا کی شادی میں شریک تھیں اور ان کے چہرے سے کہیں بھی ایسا محسوس نہیں ہو رہا تھا کہ وہ کسی جسمانی تکلیف کا شکار ہیں۔ سری دیوی کی موت کے وقت ان کے شوہر بونی کپور اور بیٹی خوشی کپور موقع پر موجود تھے ۔ سری دیوی کی رہائش گاہ پر ڈریس ڈیزائنر منیش ملہوترا اور کرن جوہر بھی آبدیدہ دکھائی دیئے۔