ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے مزاحیہ اداکار کپل شرما اپنی نئی وینیٹی وین کے باعث سوشل میڈیا پر مذاق کا نشانہ بن گئے صارفین نے ان کی نئی وین کا مذاق اڑاتے ہوئے اسے اسپیس شپ قرار دے دیا۔
بھارت کے نامور مزاحیہ اداکار کپل شرما گزشتہ ایک برس سے متعدد تنازعات کا شکار رہے ہیں، تاہم اب ان کی زندگی ایک بار پھر معمول پر آنے لگی تھی کہ انہیں پہلے پی ایس ایل 3 میں شرکت کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور اب وہ اپنی نئی وینیٹی وین کے باعث سوشل میڈیا پر مذاق کا نشانہ بن گئے۔ گزشتہ روز کپل شرما نے ٹویٹر اپنی نئی وینیٹی وین کی تصاویر شیئر کیں۔
ویسے تو بالی ووڈ میں وینیٹی وین رکھنا معمول کی بات ہے لیکن کپل شرما کی وین اپنے منفرد انداز کی وجہ سے دیگر اسٹارز کی وین کے مقابلے میں کافی جدید ہے یہی وجہ ہے کہ سوشل میڈیا صارفین نےان کی وین کو اسپیس شپ قرار دے دیا۔
ایک صارف نے کپل پر طنز کرتے ہوئے کہا نئی وینیٹی وین تو مل گئی پر نئے شو کی ٹی آر پی کہاں سے لاؤ گے، کچھ صارفین نے انہیں حد سے زیادہ خود اعتماد قرار دیا جب کہ کچھ صارفین نے ان کی نئی وین اور نئے شو کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ کپل شرما کی وین بھارت کے معروف کار ڈیزائنردلیپ چھابڑیا (ڈی سی) نے ڈیزائن کی ہے، اس سے قبل وہ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی وینیٹی وین بھی ڈیزائن کرچکے ہیں جس کی قیمت چار کروڑ روپے تھی۔ تاہم کپل نے اپنی وین کی قیمت فی الحال مداحوں کے ساتھ شیئر نہیں کی۔