کرکٹ نہیں کھیل رہا کہ فرنٹ فٹ یا بیک فٹ پر جاؤں، چوہدری نثار

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیرِداخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ میں کرکٹ نہیں کھیل رہا کہ فرنٹ فٹ یا بیک فٹ پر جاؤں۔ سینیٹ انتخابات میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیرِ داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز میں نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت نہیں کی تو یہ بات بھی خبروں کی زینت بن گئی۔

پارلیمانی پارٹی میں شرکت نہ کرنا کوئی خبر نہیں، پارلیمانی پارٹی میں شرکت کے لیے سب ارکان کو دعوت دی جاتی ہے لیکن میں 4 سال کے دوران ہونے والے کسی بھی اجلاس میں نہیں گیا بلکہ جب نوازشریف وزیراعظم تھے اس وقت بھی میں نے کسی اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز وزیرِ اعظم شا ہدخاقان عباسی سے اتفافیہ ملاقات ہوگئی تاہم ووٹ کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ عمران خان اور میں ایچی سن کالج میں اکٹھے تھے، وہ میرے دوست ہی نہیں بلکہ اچھے کرکٹر بھی تھے اور میں خود بھی کرکٹ کھیلتا رہا ہوں لیکن اب نا ہی عمران خان کرکٹ کھیل رہے ہیں نہ میں کھیل رہا ہوں۔ شہبازشریف پارٹی صدر بن گئے تو آپ فرنٹ فٹ پر آئیں گے کے سوال پر چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میں کرکٹ نہیں کھیل رہا کہ فرنٹ فٹ یا بیک فٹ پر جاؤں۔