زلمی کی شکست، سلطانز کی 19 رنز سے فتح

Peshawar Zalmai

Peshawar Zalmai

دبئی (جیوڈیسک) پی ایس ایل تھری کے 16 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 19 رنز سے ہرا دیا ہے. پشاور زلمی کی ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 164 رنز بنا سکی۔

زلمی کی طرف سے محمد حفیظ نے نصف سنچری سکور کی لیکن وہ یہ میچ نہ بچا پائے۔ ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو پی ایس ایل کے دوسرے راونڈ کے پہلے میچ میں 19 رنز سے شکست دے دی ہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور اینڈرے فلیچر نے اننگز کا آغاز کیا۔ فلیچر نے محمد عرفان کو پی ایس ایل تھری کا سب سے لمبا 114 میٹر کا چھکا رسید کیا۔ لیکن اگلے ہی اوور میں سہیل تنویر نے انہیں 11 رنز پر آؤٹ کردیا۔ کپتان محمد حفیظ اور لیام ڈیسن نے بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن وہ پشاور زلمی کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے۔ ملتان سلطان کی جانب سے سہیل تنویر نے 3 اور محمد عرفان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان محمد حفیظ نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ ملتان سلطان کی اننگز کا آغاز تجربہ کار بلے بازوں کمار سنگاکارا اور احمد شہزاد نے کیا، دونوں نے ملتان کو 51 رنز کا آغاز فراہم کیا، کمار سنگاکارا نے 28 رنز سکور کیے جبکہ احمد شہزاد 37 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ پہلی اننگز کی خاص بات صہیب مقصود کی جارحانہ بیٹنگ تھی، انہوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر 85 رنز بنائے، انہوں نے 7 چھکے اور 4 چوکے لگائے اور ٹیم کا ٹوٹل 183 رنز تک پہنچا دیا۔

زلمی کی جانب سے عمعید اور ایل اے ڈؤسن نے ایک ایک وکٹ لی۔ پشاور زلمی محمد حفیظ کی قیادت میں اینڈریو فلیچر،کامران اکمل،ڈیوائن اسمتھ، رکی ویسلز، لیم ڈاسن، حماد اعظم، وہاب ریاض، عمید آصف،حسن علی اور ثمین گل پر مشتمل تھی۔

ملتان سلطانز کی طرف سے کپتان شعیب ملک،احمد شہزاد، کمارا سنگاکارا، صہیب مقصود، کیرون پولارڈ، ڈیرن برائو، سیف بدر، سہیل تنویر، عمران طاہر، جنید خان اور محمد عرفان مقابلے کے لئے میدان میں اترے۔ ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان ایونٹ کا یہ دوسرا میچ تھا۔ واضح رہے کہ ملتان سلطانز کی ٹیم 9 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہے۔