ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ کے معروف فلمی ستارے سنجے دت کی ایک پرستار نے مرنے سے پہلے اپنی تمام دولت اداکار کے نام کر دی۔
اپنے منفرد انداز کی وجہ سے مشہور سنجے دت کے لاکھوں پرستار ہیں۔ ممبئی کی 62 سالہ خاتون نشی ہرش چندرا بھی سنجے دت کے مداحوں میں سے ایک ہیں، جنہوں نے مرنے سے پہلے اپنی تمام جائیداد اپنے پسندیدہ اداکار کے نام کردی۔ ممبئی مرر کے مطابق 62 سالہ نشی ہرش چندرا نے ممبئی کے علاقے والکیشور کے “بینک آف برودا” میں اپنے لاکرز میں موجود تمام دولت 58 سالہ اداکار سنجے دت کے نام کر دی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سنجے دت کو بھی اس بات کا علم نشی ہرش چندرا کی وفات کے 2 ہفتے بعد ہوا، جب انہیں ممبئی کے ایک بینک کی جانب سے اپنی ملکیت کو حاصل کرنے کے لیے قانونی لوازمات پورے کرنے کے لیے فون کیا گیا۔ سنجے دت یہ سن کر بہت افسردہ ہوئے کہ کوئی مداح انہیں اتنا چاہتا تھا کہ انہیں بتائے بغیر ساری دولت ان کے نام کر گیا۔ تاہم سنجے دت نے خاتون کی جانب سے چھوڑی گئی دولت لینے سے انکار کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکار نے خاتون کیجانب سے چھوڑی گئی دولت ان کے ورثاء کو واپس کرنے کے لیے وکلاء کی خدمات حاصل کر لی ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ خاتون نے سنجے دت کے نام کتنی جائیداد چھوڑی، تاہم اطلاعات ہیں کہ جس گھر میں خاتون رہائش پذیر تھیں اس کی مالیت 10 کروڑ بھارتی روپے سے زائد ہے۔