اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹر اعظم سواتی کا کہنا ہے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر پی ٹی آئی کا ہی ہو گا، تمام جماعتوں کو ایک پیچ پر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا بلوچستان سے چیئرمین سینیٹ منتخب ہونا ہماری اخلاقی فتح ہے۔
پی ٹی آئی رہنما و سینیٹر اعظم سواتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے عمران خان کے وژن پر کام کیا، آج تک چیئرمین سینیٹ بلوچستان سے منتخب نہیں ہوا، چیئرمین سینیٹ نے بھی اعتراف کیا کہ اگر عمران خان ساتھ نہ دیتے تو کوئی جماعت ساتھ نہ دیتی۔ انہوں نے کہا ن لیگ اداروں کی تباہی کے لیے قانون لانا چاہتی ہے۔
ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا تھا پی ٹی آئی نے اعظم سواتی کو قائد حزب اختلاف نامزد کیا ہے، پوری قوم کی نظریں فاٹا ارکان کی طرف ہیں، امید ہے درست فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا عمران خان نے سینیٹ چیئرمین کے لیے سیاسی تدبر کا مظاہرہ کیا۔