اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی بنی ہی عامر لیاقت جیسے لوگوں کے لیے ہے اور اللہ کا شکر ہے کہ وہ (ن) لیگ میں شامل نہیں ہوئے۔
احتساب عدالت کے باہرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ ریفرنسز کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا، نئے ریفرنس میں پہلے ریفرنس کا خول چڑھا دیا گیا، نیا ریفرنس دائر کرنے کی کیا ضرورت تھی جب پہلے ریفرنس میں کچھ نہیں نکلا، پہلے چھ ماہ میں کون سی چیز ثابت ہوئی جو ڈیڑھ ماہ میں ثابت ہوجائے گی، یہ دلیپ کمار کی فلم جیسا حال ہے کہ بیوی کو جب پیار نہ ملا تو اس نے دلیپ کمار کے بیڈ روم کو ہی آگ لگا دی۔
نواز شریف نے کہا کہ رینٹل پاور، کوٹیکنا، این آئی سی ایل جیسے کیسز ہیں جن پر کرپشن ثابت ہوئی لیکن سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے کیس سنے نہیں جارہے، ہمارے کیس میں کچھ نہ ہونے کے باوجود بھی کچھ نکالا جا رہا ہے، صرف میرے والد کے کاروبار کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں، ہمیں اللہ تعالی نے 1937 سے نوازنا شروع کیا اور اگر حساب لینا ہے تو 1937 سے لیں۔
گفتگو کے دوران صحافی کی جانب سے پی ٹی آئی میں عامر لیاقت کی شمولیت سے متعلق سوال کیا گیا تو نواز شریف نے مسکراتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ وہ ن لیگ میں شامل نہیں ہوئے، انہوں نے چند سال پہلے کوشش کی تھی لیکن شمولیت نہیں کی، پی ٹی آئی بنی ہی عامر لیاقت جیسے لوگوں کے لیے ہے، پی ٹی آئی میں عامر لیاقت جیسے لوگ ہی سجتے ہیں جب کہ نواز شریف چوہدری نثار سے متعلق سوال پر خاموش رہے اورکہا کہ میرا خیال ہے جس مقصد کے لیے آئے ہیں وہی پورا کریں۔
نواز شریف نے کہا کہ کسی سے کوئی توقع نہیں رکھنا چاہتے، جب توقع ہی اٹھ گئی غالب تو کیا گلہ کرے کوئی، دنیا کا دستور ہے چلتا رہتا ہے اور مشرف کی واپسی کی خبروں پر ہنسا ہی جا سکتا ہے۔