اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف طبی معائنے کیلئے لندن پہنچ گئے جہاں انہوں نے کی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ادارے مل بیٹھ کر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کریں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو کسی تصادم کی طرف جانے سے بچانا ہے، بات چیت کے ذریعے پاکستان کا مستقبل تابناک بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے سے دست و گریباں کا ماحول درست نہیں، لائق احترام سب اداروں کا احترام لازمی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ معمول کے چیک اپ کیلئے لندن آئے ہیں اور اپنے فزیشن سے چیک اپ کرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ان کا نجی دورہ ہے البتہ کچھ کچھ میٹنگز بھی ہوں گی۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اپنے طبی معائنے کے لیے لندن پہنچے ہیں۔
قبل ازیں ترجمان پنجاب حکومت نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ شہباز شریف طبی معائنے کے لیے برطانیہ میں قیام کریں گے، جبکہ اس دوران وہ ویڈیو لنک کے ذریعے میٹنگز بھی کریں گے۔
شہباز شریف دن ڈیڑھ بجے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے لندن کے لیے روانہ ہوئے تھے، وہ ممکنہ طور پر یکم اپریل کو وطن واپس آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب ، سابق نواز شریف کی اہلیہ اور اپنی بھابھی بیگم کلثوم نواز کی عیادت بھی کریں گے، جو گلے کے کینسر میں مبتلا اور علاج کے سلسلے میں گزشتہ چند ماہ سے لندن میں موجود ہیں۔
رواں ماہ کے آغاز میں ڈاکٹرز نے کلثوم نواز کی گردن میں دوبارہ ٹیومر بن جانے کے باعث ان کی مزید سرجری کا فیصلہ کیا تھا۔
برطانوی ڈاکٹرز، بیگم کلثوم نواز کی گزشتہ 7 ماہ میں 6 بار کیمو تھراپی کر چکے ہیں جب کہ ان کی 7 ماہ میں 3 بار سرجری بھی کی گئی۔