کراچی (جیوڈیسک) ڈالر کی قدر پر مسلسل مانیٹرنگ کر رہے ہیں، ترجمان سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ سٹے بازی ہوئی تو مداخلت کرسکتے ہیں۔ ڈالر کی بڑھتی قدر پر ترجمان سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر طلب اور رسد کے مطابق حقیقی ریٹ پر رکھنا چاہتے ہیں اور اس کی مسلسل مانیٹرنگ بھی کر رہے ہیں، اگر اس دوران سٹے بازی ہوئی تو سٹیٹ بینک مداخلت بھی کرسکتا ہے۔
سٹیٹ بینک کے جاری اعلامیہ کے مطابق درآمدات بڑھنے کی وجہ سے بھی بیرونی ادائیگیوں پر دباؤ بڑھا ہے جس سے ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق تجارتی خسارے میں اضافہ، قرض و سود کی ادائگیاں اور حکومت کی جانب سے نئے قرضوں میں تاخیر کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر گھٹ رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے کا رجحان جاری ہے۔