لاہور (جیوڈیسک) قذافی سٹیڈیم لاہور میں پاکستان سپرلیگ کے دوسرے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 13 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ فائنل میں پشاور زلمی کا مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہوگا۔
پی ایس ایل تھری کے دوسرے فیصلہ کن معرکے میں پشاور زلمی نے میدان مارلیا۔ کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر صرف 157 رنز بنا سکی۔
پشاور زلمی کے 171 رنز کے تعاقب میں کنگز کی جانب سے بابر اعظم اور ڈینلی نے عمدہ بلے بازی کی لیکن وہ مطلوبہ رن ریٹ کو برقرار نہ رکھ سکے اور کراچی کنگز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب زلمی کے باؤلر کراچی کے کھلاڑیوں کو آؤٹ تو نہ کر سکے لیکن وہ سکور روکنے میں کامیاب رہے۔
اس سے قبل کنگز نے ٹاس جیت کر زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 170رنز بنائے۔ زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور فلیچر نے اننگز کا برق رفتار آغاز کیا۔ کامران اکمل نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے پی ایس ایل کی تاریخ کی تیز ترین سینچری بنائی۔
زلمی کے پہلی وکٹ 107 کے مجموعی سکور پر گری جب فلیچر 34 رنز بنا کر دسویں اوور میں بوپارا کی گیند پر باؤنڈی پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 17 گیندوں پر پی ایس ایل کی تاریخ کی تیز ترین ففٹی بنانے کے بعد کامران 27 گیندوں پر 77 سکور بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد حفیظ صرف 13 رنز بنا کرکیچ آؤٹ ہوئے۔ کنگز کی جانب سے روای بوپارا نے ابتدائی 3 وکٹیں حاصل کیں۔
خیال رہے کہ میچ کا آغاز دیر سے ہونے کی وجہ سے 4 اوورز کم کر کے میچ کو 16 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔ ٹاس کے وقت کپتان پشاور زلمی کا کہنا تھا کہ فائنل میں پہنچنےکی کوشش کریں گے اور زیادہ سے زیادہ سکورکرنے کی کوشش کریں گے، جس میں وہ کامیاب بھی ہوئے۔
پاکستان سپر لیگ کا فائنل پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان 25 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔