امریکہ (جیوڈیسک) اسلحے پر پابندی کے لیے لاکھوں امریکی نوجوان سڑکوں پر آ گئے۔ واشنگٹن، نیویارک، لاس اینجلس اور دیگر شہروں میں جگہ جگہ مظاہرے، صدر ٹرمپ سے اسلحے پر پابندی کے لیے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا۔
فلوریڈا سکول شوٹنگ میں زخمی طلبہ نے اپنی زندگیوں کے لیے مارچ کا نعرہ لگایا تو پورا امریکہ ان کا ہم آواز بن گیا۔ اسلحے پر پاپندی کے لیے قانون سازی کا مطالبہ کرتے ہوئے نیویارک، لاس اینجلس اور امریکہ کے دیگر شہروں میں ہزاروں نوجوان سڑکوں پر نکل آئے۔ واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے سامنے لاکھوں کا مجمع اکھٹا ہوگیا۔ ہالی وڈ ستاروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی طلبہ کی تحریک میں بھرپور شرکت کی۔
نسل پرستی کے خلاف مہم چلانے والی تاریخ ساز شخصیت مارٹن لوتھر کنگ کی پوتی نے تقریر کرکے اپنے دادا کی یاد تازہ کر دی۔ امریکی نوجوانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہانگ کانگ، برطانیہ، فرانس اور جرمنی میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔