روس (جیوڈیسک) سائبیریا کے شہر کیمیروو کے چار منزلہ ‘ونٹر چیری’ شاپنگ مال میں آگ ہفتے کی شب بھڑک اٹھی تھی جس پر پوری رات جاری رہنے والی کوششوں کے بعد اتوار کو قابو پایا گیا۔
روس کے علاقے سائبیریا کے ایک شاپنگ پلازہ میں لگنے والی آگ سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 56 ہوگئی ہے۔
روس کی خبررساں ایجنسی ‘طاس’ کے مطابق ہنگامی حالات کے روسی وزیر ولادیمر پوشخوف نے بتایا ہے کہ آتش زدگی کے بعد سے 16 افراد تاحال لاپتا ہیں جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
سائبیریا کے شہر کیمیروو کے چار منزلہ ‘ونٹر چیری’ شاپنگ مال میں آگ ہفتے کی شب بھڑک اٹھی تھی جس پر پوری رات جاری رہنے والی کوششوں کے بعد اتوار کو قابو پایا گیا۔
کیمیروو کا شہر دارالحکومت ماسکو سے 3000 کلومیٹر دور مشرق میں واقع ہے۔
آگ بجھانے والے عملے کے ایک افسر کے مطابق آگ کے باعث مال میں واقع سنیما ہال کی چھت کئی مقامات سے گر گئی ہے جب کہ عمارت کے بعض حصوں تک تاحال رسائی ممکن نہیں ہوسکی ہے۔
‘طاس’ کے مطابق سائبیریا میں ہنگامی حالات اور ان سے نبٹنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کے نگران ادارے نے کہا ہے کہ عمارت سے مزید لاشیں برآمد ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 56 ہوگئی ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ آتش زدگی سے 44 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے 10 تاحال اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
شاپنگ سینٹر کا افتتاح 2013ء میں ہوا تھا اور وہاں دکانوں اور سنیما کے علاوہ پالتو جانوروں کا ایک چڑیا گھر، بچوں کا پلے لینڈ اور بولنگ ایریا بھی تھا۔
حکام کے مطابق آگ عمارت کی بالائی منزل پر لگی جس کی وجوہات کا تعین تاحال نہیں کیا جاسکا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔