کراچی (جیوڈیسک) کالی آندھی میں شاہینوں کی اونچی اڑان، پاکستان نے یک طرفہ مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے شکست دیدی۔
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہونے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 3.4 1 اوورز میں 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوگی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان ٹیم نےمقررہ 20 اوورز میں 203 رنز بنائے۔ جبکہ پاکستان کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین پہلے میچ میں مہمان ٹیم کے کپتان جیسن محمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستان کے 204 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے اننگز کا آغاز چیڈ وک والٹن اور آندرے فلیچر نے کیا۔ آندرے فلیچر نے محمد نواز کو پہلی ہی گیند پر چھکا لگا کر خطرناک عزائم کا اظہار کیا لیکن پہلے ہی اوور کی چوتھی گیند پر محمد نواز نے انہیں آؤٹ کردیا۔ محمد عامر نے دوسرے اوور میں پہلے آندرے فلیچر کو اور پھر جیسن محمد کو آؤٹ کیا۔ پاکستانی باؤلر کی ابتدائی اوور میں عمدہ گیند بازی نے ویسٹ انڈیز کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور مہمان ٹیم پاکستانی باؤلرز کی گھومتی گیندوں کا سامنا نہ کر سکی اور یکے بعد دیگرے پویلین واپس لوٹ گی۔
اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے فخرزمان اور بابراعظم نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیاتھا۔ جب کہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے پہلا اوور سیموئیل بدری نے کرایا تھا۔ پاکستان کو پہلا نقصان پانچویں اوور میں ہوا جب بابراعظم ریاد ایمرٹ کی گیند پر 17 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ فخر زمان اچھی فارم میں دکھائی دیئے تاہم وہ 8 ویں اوور میں غیر ضروری رن بنانے کی کوشش میں رن آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 24 گیندوں پر 39 رنز کی اننگز کھیلی۔
فخر زمان اور بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد حسین طلعت اور سرفراز احمد نے اننگز کو آگے بڑھایا اور 140 کے مجموعی اسکور پر حسین طلعت آؤٹ ہوئے۔ اپنے ڈیبیو میچ میں حسین طلعت نے 37 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی۔ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے 22 گیندوں پر 38 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ شعیب ملک نے بھی 14 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے دھواں دھار 37 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
قومی ٹیم میں ڈیبیو کرنے والے دوسرے کھلاڑی آصف علی صرف 2 گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے اور وہ غلط شارٹ کھیلتے ہوئے ایک رنز پر بولڈ ہوگئے۔