راولپنڈی (جیوڈیسک) پاکستان نے بابر کروز میزائل کے جدید ماڈل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق پاکستانی سائنس دانوں اور انجینئرز نے بابر کروز میزائل کے جدید ماڈل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، اسٹیلتھ فیچر کا حامل یہ میزائل 700 کلومیٹر دور تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے بابر ویپن سسٹم ون (بی) میں ایڈوانسڈ ایروڈائنامک اور ایوی یونک فنکشنز شامل ہیں جس کی بنا پر یہ میزائل پانی اور خشکی دونوں پر اپنے ہدف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بناسکتا ہے۔
پاک فوج کے ترجمان نے بتایا کہ بابر کروز میزائل نچلی پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ہرقسم کا وار ہیڈ اپنے ساتھ لے جاسکتا ہے اس میزائل کی بدولت پاکستانی دفاع مزید مضبوط ہوگا۔
ڈی جی اسٹریٹجک پلاننگ ڈویژن، چیئرمین نیسکام اور سینئر سائنس دانوں نے میزائل تجربے کا مشاہدہ کیا۔ صدر مملکت ممنون حسین ،وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ، چیئرمین جوائنٹ چیفس اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے کامیاب میزائل ٹیسٹ پر سائنس دانوں، نیسکام اور این ڈی سی کے انجینئرز کو مبارک باد پیش کی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے 29 مارچ کو سب میرین لانچ کروز میزائل بابر کا تجربہ کیا تھا جس کے ذریعے پانی کے اندر سے فائر کیے گئے اس کروز میزائل نے تمام پیرا میٹرز کے مطابق کامیابی کے ساتھ خشکی پر موجود اپنے ہدف کو نشانہ بنایا تھا۔