لاہور (جیوڈیسک) منفرد انداز اداکاری سے لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے والے معروف مزاحیہ اداکار ببوبرال کی آج 7 ویں برسی منائی جارہی ہے۔
اسٹیج ڈراموں میں منفرد پر فارمنس سے لوگوں کے دلوں پر راج کرنے والے معروف کامیڈین ببو برال کی آج ساتویں برسی آج منائی جارہی ہے۔ ایوب اختر المعروف ببو برال گوجرانوالہ کے قصبے گھکھڑ منڈی 1959 میں پیدا ہوئے، انہوں نے اپنی فنی زندگی کا آغاز 1982 میں گوجرانوالہ سے کیا اورپھر 1984 میں لاہور منتقل ہوگئے جہاں انہوں نے باغ جناح میں اوپن ائیر تھیٹر میں کام شروع کیا، مزاحیہ اداکار نے اسٹیج ڈرامے ”شرطیہ مٹھے” سے ملک گیر شہرت پائی۔
تین عشروں پر محیط زندگی میں ببوبرال نے بھرپورعروج دیکھا، مزاحیہ فنکار نے 20 فلموں میں بھی کام کیا، ببو برال کو لاہور متعارف کرانے میں مرحوم اداکار فخری احمد کا اہم کردارتھا۔ ببو برال صحت کی خرابی کے باعث 16 اپریل 2011 کو 51 برس کی عمرمیں دنیا فانی سے کوچ کرگئے، منفرد اندازی اداکاری کی وجہ سے وہ آج بھی اپنے پرستاروں کے دلوں پر راج کرتے ہیں۔