ممبئی (جیوڈیسک) بھارتی میڈٰیا کے مطابق کامیڈین سنیل گروور کو شو کے بعد بالی وڈ کی بڑی فلم بھی مل گئی، سنیل گروور ماضی میں بھی کئی بالی وڈ فلموں میں کام کرچکے ہیں جن میں ’ہیرو پنتی‘، ’گجنی‘، ’ضلع غازی آباد‘ ، ’گبر از بیک‘ اور ’باغی‘ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ کامیڈین سنیل گروور نے کپل شرما سے لڑائی کے بعد ’دی کپل شرما شو‘ کو خیر باد کہہ دیا تھا اور ان کے ساتھ کئی دیگر فنکار بھی شو چھوڑ گئے تھے۔ سنیل گروور نے کامیڈی شو ’دی کامیڈی نائٹ ود کپل‘ کے کردار گتھی سے شہرت حاصل کی جس کے بعد ان کے دوسرے شو کے کردار ڈاکٹر مشہور گولاٹی کو بھی خوب پسند کیا گیا۔
سنیل گروور حال ہی میں ایک اور کرکٹ کامیڈی شو میں اپنے فن کا مظاہرہ کررہے ہیں جس نے کپل شرما کے نئے شو ’فیملی ٹائم ود کپل‘ کو ریٹنگ میں کافی پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اب کامیڈین کو اپنی محنت کا صلہ مل گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گروور کو ہدایت کار وشال بھردواج نے اپنی کامیڈی فلم ’چُھریاں‘ میں مرکزی کردار میں کاسٹ کرلیا ہے۔ کامیڈی فلم ’چھریاں‘ میں سنیل گروور کے ساتھ ’دنگل‘ میں مرکزی کردار کرنے والی اداکارہ سانیا ملہوترا بھی اہم کردار میں نظر آئیں گی۔