ریاض (جیوڈیسک) سعودی پولیس کا کہنا ہے کہ دارالحکومت ریاض میں گزشتہ رات شاہی محل کے قریب بلا اجازت پرواز کرنے والے ایک کھلونا ڈرون کو مار گرایا گیا۔
اس ڈرون کے محل کے قریب آنے کے بعد بھاری فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں اور فوجی بغاوت کی افواہیں گردش کرنے لگی تھیں۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ریاض میں الخزامی کے مقام پر ایک کھلونا ڈرون کو اڑتے ہوئے دیکھ کر پولیس نے اسے مار گرایا۔
الخزامی کے علاقے میں سعودی شاہی محل سمیت شاہی خاندان کےافراد کے محل واقع ہیں۔حساس علاقہ ہونے کی وجہ سے علاقے کی چیک پوسٹ نے فوری طور پر ڈرون کو مار گرایا اور متعلقہ محکمہ کو واقعہ کی اطلاع دی ۔
متعلقہ محکمے نے حی الخزامی میں غیر قانونی طور پر کیمرے کے حامل ڈرون اڑانے والوں کا سراغ لگانے کے لئے ٹیم تشکیل دے دی ہے جو اس معاملے کا کھوج لگائے گی ۔
ڈرون کو مار گرانے کیلئے کی گئی فائرنگ سے مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بغاوت کی افواہیں پھیل گئیں،ان افواہوں میں ایک افواہ یہ بھی تھی کہ حی الخزامی محلے میںمشکوک ڈرون کی پرواز کے دوران سعودی شاہ سلمان کو محفوظ بنکر منتقل کر دیا گیا ۔
سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ریاض کے حی الخزامی محلے میں کھلونا ڈرون مار گرانے کے وقت خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان اپنے محل میں موجود نہیں تھے۔وہ اس واقعے کے وقت اپنے فارم ہائوس میں تھے۔