کراچی میں بجلی کا بحران حل کرنا وفاق کی ذمہ داری ہے، بلاول بھٹو زرداری

Bilawal Bhutto Zardari

Bilawal Bhutto Zardari

ملتان (جیوڈیسک) چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کراچی میں بجلی کا بحران حل کرنا وفاق کی ذمہ داری ہے۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ نواز شریف ووٹ کی عزت کا نعرہ لگا رہے ہیں، ضیاالحق سے ڈکٹیشن لیتے وقت اور بینظیر بھٹو شہید کے خلاف سازش کرتے ہوئے نواز شریف کو ووٹ کی عزت یاد نہیں آئی، (ن) لیگ ڈکٹیشن پرچلتی رہی ہے جب کہ نواز شریف پارلیمنٹ اور دیگر کی عزت نہیں کریں گے توان کی بھی نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک کمزور جمہوریت ہے تاہم اُمید ہے ایک سویلین حکومت سے دوسری کو اقتدار کی پُرامن منتقلی ہوگی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی میں بجلی کا بحران حل کرنا وفاق کی ذمہ داری ہے، نواز شریف نے ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر ’کے ای ایس سی‘ کو پرائیویٹائز کیا، بجلی بھی نہیں دیتے ہیں اور اوور بلنگ بھی کرتے ہیں جب کہ وفاق کا نمائندہ کہتا ہے بل نہیں دیتے تو بجلی نہیں دیں گے، آپ بجلی کب دے رہے ہو۔ انہوں نے کہا کہ پسماندگی دورکرنے کیلیےجنوبی پنجاب کاصوبہ ضروری ہے، (ن) لیگ اور پی ٹی آئی نے عوام کیلیے کیا کیا، کسی دوسری جماعت نے عوام کیلیے کچھ نہیں کیا جب کہ سندھ حکومت 10 سال سے غربت کے خاتمے پر پروگرام چلا رہی ہے۔