لاہور (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے ’بہت بڑی زبردست وکٹ‘ گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
عمران خان نے لاہور کے اندرون شہر میں مختلف مقامات پر ممبر سازی کیمپس کا دورہ اور کارکنوں سے خطاب کرنا تھا لیکن وہ داتا دربار پر حاضری کے بعد اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ایک بہت بڑی زبردست وکٹ گرنے والی ہے، جس کے بعد صحافی نے سوال کیا کہ کیا چوہدری نثار پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں؟ جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں ابھی یہ نہیں بتاؤں گا۔
عمران خان کے جواب پر صحافی نے ایک مرتبہ پھر سوال کیا کہ آپ کے چہرے پر خوشی بتا رہی ہے کہ چوہدری نثار پی ٹی آئی میں آ رہے ہیں۔
تاہم جواب میں پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ 29 اپریل کے بعد سیلاب سونامی پلس بننے والا ہے، ایک عوام کی سونامی اور دوسری پی ٹی آئی میں سونامی آنے والی ہے۔
اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے شوکت خانم میموریل اسپتال کی تقریب میں شرکت کی تھی جہاں انہوں نے خطاب بھی کیا تھا۔