اسلام آباد (جیوڈیسک) این ٹی ڈی سی کی ہائی ٹرانسمیشن لائن، چاروں چشمہ پاور پلانٹس ٹرپ اور ٹیسٹنگ کے باعث تین ایل این جی ٹرمینل بند ہونے سے 4800 میگا واٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی، جس کے باعث اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بڑھ گئی۔
ایک ہزار 200 میگا واٹ کے چاروں چشمہ پاور پلانٹس ٹرپ کر گئے ہیں جبکہ تین ایل این جی پاور ٹرمینل ٹیسٹنگ کے باعث بند ہونے سے 3 ہزار 600 میگا واٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی ہے۔ حکام کے مطابق چشمہ 1 اور چشمہ 2 سے بجلی بحالی آج رات تک متوقع ہے تا ہم چشمہ 3 اور چشمہ 4 پاور پلانٹس سے بجلی بحالی میں وقت لگے گا۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق سسٹم کی حفاظت کیلئے بجلی کی تمام تقسم کار کمپنیوں میں عارضی طور پرلوڈ منیجمنٹ شروع کی گئی ہے جو اس علاقے میں لائن لاسزاور بجلی چوری کے تناسب سے ہوگی۔ صارفین سے اس عارضی دورانیے میں تعاون اور بجلی کے استعمال میں کمی لانے کی اپیل کی گئی۔