اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ تمام پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت اور انہیں اعتماد میں لے کر فاٹا کو اسی ماہ قومی دھارے میں شامل کرنے کا عمل مکمل کر لیں گے۔
اسپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ فاٹا میں امن کے لیے مسلح افواج اور مقامی لوگوں نے بڑی قربانیاں دیں، فاٹا میں ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے نظام کو بڑھادیا گیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فاٹا اصلاحات کے حوالے سے آج کچھ فیصلے کیے گئے ہیں اور ان فیصلوں پر عملدرآمد کے ٹائم فریم کا تعین قومی رہنمائوں سے مشاورت سے طے کریں گے،امید ہے فیصلوں پر عملدرآمد اسی دور حکومت میں ہو گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ فاٹا اصلاحات مقامی عوام کی ضرورت ہے اور فاٹا اصلاحات کا نفاذ سب کی خواہش ہے اس لیے چاہتے ہیں تمام جماعتیں متحد ہوکر فاٹا اصلاحات کو مکمل کریں، انہوں نے کہا کہ اکتوبر 2018 سے پہلے فاٹا میں بلدیاتی الیکشن کرائے جائیں گے جب کہ فاٹا کے لیئے ایجنسی ڈویلپمنٹ فنڈ ختم کر دیا ہے تاہم فاٹا کی ترقی ملک کے دیگر حصوں کی طرح کرنے کے لیے فنڈز دستیاب کیئے جائیں گے اور 10 سالوں میں ایک ہزار ارب روپے فاٹا کی ترقی پر خرچ ہوں گے۔